ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایک بار پھرکورونابڑھنے کا خطرہ۔ریاستیں،کورونا سے بچنے کی تدابیر کو نافذ کریں ، وزارت داخلہ کی سخت ہدایات

ایک بار پھرکورونابڑھنے کا خطرہ۔ریاستیں،کورونا سے بچنے کی تدابیر کو نافذ کریں ، وزارت داخلہ کی سخت ہدایات

Thu, 15 Jul 2021 11:26:20    S.O. News Service

نئی دہلی،15؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک کے کچھ حصوں میں خصوصی طور پر پہاڑی علاقوں کے سیاحتی مقامات، عوامی نقل و حمل (ٹرانسپورٹ)،دکانوں اور مال میں بڑھنے والی بھیڑ کے معاملوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ کووڈ سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر کو سختی سے نافذ کریں - ہوم سکریٹری اجے بھلّا نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو خط لکھ کہا کہ کورونا کی دوسری لہر ابھی ختم نہیں ہوئی ہے لہٰذا کسی طرح کی کوتاہی یا نرمی برتنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ کورونا کیسوں میں کمی آنے کے ساتھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے مرحلہ وار ڈھنگ سے سرگرمیاں شروع کر دی ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ اس دوران کسی بھی طرح کی لاپرواہی نہ برتی جائے -انہوں نے کہا کہ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت کی ہدایات کی خلاف ورزی کے سبب کسی بھی علاقے میں کورونا وائرس کے کیس بڑھنے کے بعد وہاں فوراًپابندیاں لگانی ہوں گی اور اس کیلئے ادارے، احاطے یا دکان وغیرہ کو ہی ذمہ دار مانا جائے گا- اس طرح کے کیسوں میں مجرموں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی- وزارت داخلہ نے دہرایا کہ جس علاقے میں پابندی عائد کی جاتی ہے ’اس علاقے کے افسر کو لاپرواہی کیلئے ذمہ دار بھی ٹھہرایا جائے گا-خط میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کئی حصوں میں بالخصوص عوامی نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) اور پہاڑی علاقوں کے سیاحتی مقامات پر کورونا کے حفاظتی تدابیر سے بے اعتنائی برتی جا رہی ہے جو تشویش کا باعث ہے کیونکہ اس سے ایک بار پھرکوروناکے بڑھنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے - خط میں کہا گیا ہے کہ دکانوں، مال، بازار، ہفتہ وار بازاروں، ریسٹورنٹس، بار، منڈیوں، بس اسٹیشن، ریلوے اسٹیشن، جِم، شادی کی جگہوں وغیرہ میں کووڈ مناسب برتاؤ کو نافذ کرنا متعلقہ افسروں کی ذمہ داری ہوگی- خط میں اس بات پر خصوصی طور پر زور دیا گیا ہے کہ کورونا ٹیکہ کاری کا عمل رفتار پکڑ رہا ہے لیکن ہمیں کسی طرح کی ڈھیل نہیں برتنی ہے اور کووڈ برتاؤ کو‘دوائی بھی کڑائی بھی’کے فارمولے کے ساتھ سختی سے نافذ کرنا ہے - انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ کی شرح میں بھی کسی طرح کی کمی نہیں لانی ہے - خط میں کہا گیا ہے کہ خواہ پازیٹی ویٹی ریٹ میں کمی آ رہی ہو لیکن ہمیں یہ یقینی بنانے کی کوشش کرنی ہے کہ کورونا کیس دوبارہ نہ بڑھیں لہٰذا ٹسٹ، ٹریک، ٹریٹ، ٹیکہ کاری اور کووڈ مناسب برتاؤ کو نافذ کرنے کی پانچ نکاتی حکمت عملی پر کام کرنا ہوگا-


Share: